۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
شیعہ علماء کونسل اور زہرا (س) اکیڈمی کی طرف سے سیلاب متاثرین کیلئے خیموں کی فراہمی

حوزہ / قائد ملت جعفریہ حضرت آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایت و سرپرستی میں اور زہرا (س) اکیڈمی، کراچی کے زیر اہتمام اور شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع قمبر شہدادکوٹ، صوبہ سندھ کے زیر انتظام، تحصیل نصیرآباد کے سیلاب متاثرین کو خیمے فراہم کئے گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی خصوصی ہدایت و سرپرستی میں اور زہرا (س) اکیڈمی، کراچی کے زیر اہتمام اور شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع قمبر شہدادکوٹ، صوبہ سندھ کے زیر انتظام، تحصیل نصیرآباد کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 47 متاثرین کو مکمل عزت و احترام، مسالک و مکاتب سے بالاتر ہوکر اور استحقاق کے پیش نظر، محترم رضاکاروں نے 47 خیمے، متاثرین کے زمین بوس مکانات کے قریب اور جائے پناہ پر نصب کرکے دئیے، تاکہ ان کی مشکلات کسی حد تک کم ہوسکیں، جبکہ اس سے قبل تحصیل سجاول جونیجو میں 21 عدد، تحصیل میرو خان میں 19 عدد، تحصیل شہدادکوٹ میں 19 عدد، قبو سعید خان میں 18 عدد، قمبر میں 40 عدد اور وارہ میں بھی 41 عدد خیمے نصب کرکے دئیے گئے تھے۔ اسی طرح ضلع قمبر شہدادکوٹ میں کل 205خیمے نصب کرکے دئیے گئے ہیں۔

اس موقع پر نمائندہ ولی امر مسلمین و قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کا سلام اور پیغام بھی پہنچایا گیا اور ان کی صحت و سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

تفصیلات:

* تحصیل میروخان، 19 عدد، خیمے

* تحصیل سجاول جونیجو، 21 عدد، خیمے

* تحصیل شہدادکوٹ، 19 عدد، خیمے

* تحصیل قبو سعید خان، 18 عدد، خیمے

* تحصیل قمبر، 40 عدد، خیمے

* تحصیل وارہ، 41 عدد، خیمے

* تحصیل نصیرآباد، 47 عدد، خیمے

تمام تر قلت وسائل کے باوجود، گذشتہ 5 ماہ سے ملک کے طول و عرض میں بالخصوص سندھ و بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں جاری ہیں اور رضاکاران اور کارکنان شب و روز امدادی کاموں میں مصروف عمل ہیں جبکہ انہیں ناہموار اور دشوار گذار راستوں کو بھی عبور کرنا پڑتا ہے، جبکہ وہ خود سیلاب متاثرین میں سے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ متاثرین کی بحالی کیلئے شب و روز سرگرم عمل ہیں۔

الحمدللہ، ضلع قمبر شہدادکوٹ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 700 متاثرہ گھرانوں کو اشیائے خورد و نوش اور مچھر دانیاں، رضائیاں(لحاف) ان کی خدمت میں پیش کی جا چکی ہیں، اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں 40 میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے جا چکے ہیں اور تبرک امام حسین علیہ السلام بھی فراہم کیا جاتا رہا ہے۔

تحصیل نصیرآباد، بنیادی سہولیات سے محروم علاقہ ہے، جہاں قائد محترم کی سرپرستی میں فراہمی، آب، مکانات و بنیادی سہولیات اور مساجد کی تعمیرات، محرم الحرام میں عشروں کا انعقاد، ماہ رمضان المبارک میں تبلیغاتی سینٹرز کا قیام اور دیگر شعبوں میں سارا سال فعالیت انجام پذیر ہوتی رہتی ہیں۔

رب کریم کی بارگاہ میں دعاگو ہیں کہ بحق معصومین علیہم السلام، قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کو اپنی تائیدات سے سرفرازی نصیب فرمائے اور ہمیں ان کی اطاعت کرنے کی توفیق نصیب فرمائے اور زہرا (س) اکیڈمی کے اراکین، معاونین اور رضاکاروں کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے اور ان کی خدمات کو قبول و منظور فرمائے آمین یارب العالمین۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .